وزیراعلیٰ سندھ کی سیلاب زدگان کیلئے 600 ہزار راشن بیگز خریدنے کی ہدایت


وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیلاب زدگان  کیلئے 600ہزار راشن بیگز خریدنے کی ہدایت دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے دفتر میں اجلاس ہوا جس میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 600ہزار راشن بیگز خریدنے کی ہدایت دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پی ڈی ایم اے کو ہدایات دیں کہ سیلاب متاثرین کو سامان کی ترسیل تیز کریں، میرے لوگ تکلیف میں ہیں یہی وقت ہے انکی تکلیف کم کریں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ میں مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کا شکر گزار ہوں جو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے میدان میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈی سیز متاثرین تک تمام سامان کی رسائی بروقت کریں، میں خود متاثرین کو ملنے والے سامان کی روزانہ مانیٹرنگ کروں گا۔

اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ڈی سیز کو سامان بھیج رہا ہے۔

مکیش چاولہ کی وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی

دوسری جانب مکیش چاولہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی کہ این ڈی ایم اے 6500 اور پی ڈی ایم اے 44237 راشن بیگ دے چکا ہے۔

مکیش چاولہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ 73152 اور یوٹیلیٹی اسٹورز 21225 راشن بیگ دے چکا ہے۔

پی ڈی ایم اے ڈی جی سلمان شاہ کی بریفنگ

اجلاس میں پی ڈی ایم اے ڈی جی سلمان شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے 11972 خیمے دے چکا ہے، آرڈر دیئے گئے خیموں میں سے 6000 خیمے روزانہ آرہے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ10 لاکھ خیموں کا سندھ حکومت آرڈر دے چکی ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزراء مکیش کمار چاولہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، صوبائی سیکریٹریز خالد شیخ، آصف میمن اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے شرکت کی۔

Best Car Accident Lawyer