وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ ضلع ڈی آئی خان اور چترال کو آفت زدہ قرار دینے فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی متعلقہ حکام کو ہدایت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کھانے پینے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
‘متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرونگا’
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ تک رسائی کو یقینی بنائیں، موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ڈی آئی خان اور چترال کا دورہ کروں گا۔
محمود خان نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کروں گا، متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا بذات خود جائزہ لوں گا۔
‘متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا’
انکا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے، متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری احکامات دئے گئے ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔