وزیراعظم شہباز شریف کا نریندر مودی سے اظہار تشکر

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرنے پر بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستانی عوام اپنے جذبہ ایمانی سے اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پا لیں گے اور اپنے معمولات زندگی کی تعمیر نو اور سماجی سرگرمیاں بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

دوسری جانب اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار ہمدردی کرنے پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے خیالات اور اظہار ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا پاکستان کا بہترین دوست ہے اور ہم کینیڈا کی حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر ان کے شکرگزار ہیں۔

سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 1162 ہوگئی، رپورٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے تازہ ترین رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1162 ہوگئی ہے۔

بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی یومیہ رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ملک بھر میں 14 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 162 ہو گئی ہے۔

سیلاب سے ملک میں 3 ہزار 554 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ  7 لاکھ 30 ہزار 483 مویشی مرچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا:

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے ضلع نوشہرہ کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں نو سو سے زائد گدے، آٹھ سو کمبل، دو سو پلاسٹک میٹس اور پانچ سو حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔

اسی طرح دس ڈی واٹرنگ پمپ اور ایک سو بچوں کے کمبل بھی سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

شریف حسین نے کہا کہ اتھارٹی نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گیارہ متاثرہ اضلاع کو دو سو بیس ملین روپے بھی جاری کیے ہیں۔

پی ڈی ایم اے سندھ:

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے متعلق واقعات میں اب تک 468 افراد جاں بحق اور 14978 زخمی ہوچکے ہیں۔

ایک بیان میں سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ایک اعشاریہ تیس لاکھ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے، ایک لاکھ کے قریب جانور بھی مر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں سے زراعت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور صوبے میں تیس لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں بری طرح تباہ ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 234 تحصیلیں اور نو سو 89 دیہات بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے اور اب تک متاثرہ اضلاع میں ایک ہزار نو سو دس ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer