وزیراعظم شہباز شریف سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے بلوچستان روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور ریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے کام کا جائزہ لینے کے لیے آج بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران شہباز شریف علاقے میں گرنے والے ریلوے پل کا فضائی نظارہ کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم سیلاب میں بہہ جانے والے پنجرا پُل کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔
سردار رند کا وزیراعظم کے دروے سے متعلق بیان
بلوچستان کے ضلع کچی بولان سے منتخب رکن بلوچستان اسمبلی سردار یارمحمد رند نے وزیراعظم کے دروے سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حلقے کا منتخب نمائندہ ہوں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے متعلق اطلاع تک نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میرے حلقے کا دورہ کررہے ہیں مجھے خبر تک نہیں ہے، مجھے اطلاع دی جاتی تو کچھی بولان بھاگ میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے آگاہ کرتا۔
سردار یارمحمد رند نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت نہیں چاہتی کہ اصل حقائق وزیراعظم کے سامنے لاؤں، کچھی کے عوام کے ساتھ انصافی ہوئی تو شدید احتجاج کریں گے۔
سیلاب متاثرین سڑک کنارے حکومتی امداد کے منتظر
دوسری جانب نصیر آباد، جعفر آباد اور صحبت پور میں سیلاب متاثرین سڑکوں کے کنارے سخت گرمی میں پانی اترنے اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔
اُدھر ڈیرہ مراد جمالی کے متاثرہ علاقوں میں 1 ماہ بعد بھی ریلیف آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا۔
متاثرین کو پینے کے صاف پانی، خوراک اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے، خواتین اور بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔