امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وزارت توانائی پر مشتمل شکایتی سیل جلد تشکیل دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ سے چیٸرمین نیپرا کی ملاقات ہوئی جس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کی شکایت کے ازالے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کے الیکٹرک کے عوامی اور ملازمین کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی فراھمی اور ترسیل کے نظام کی درستگی کے لیے احکامات دیئے جاٸیں۔
وزیر توانائی سندھ نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں سب سے بڑا مسئلہ ٹرانسفارمر کی فراہمی کا ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ملازمین کی جبری برطرفیوں پر بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، کے الیکٹرک کے بارے میں عوامی شکایت پر بے پناہ اضافہ تشویش ناک ہے۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو ملازمین کی شکایات کے ازالے کے لیے کابینہ کی منظوری سے پارلیمانی کمیشن بنایا جائےگا جبکہ وزارت لیبر اور وزارت توانائی پر مشتمل شکایتی سیل جلد تشکیل دیا جائےگا۔