ایم نائن موٹرے پر نوری آباد میں مسافر کوچ میں خوفناک آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم نائن موٹر وے نوری آباد کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر کوچ میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے سے متعدد مسافر بھی زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو عمل شروع کیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مسافر کوچ میں آگ لگنے کے بعد ریسکو کا عمل جاری ہے اور آگ پر قابو پالیا گیا ہے، آگ لگنے کے بعد اکثریت مسافروں کو کوچ سے اتار لیا گیا تھا تاہم آگ بجھنے کے باوجود 10 مسافر کوچ میں پھنسے ہوٸے تھے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ائیرکنڈیشنڈیونٹ میں آگ شارٹ سرکٹ کےباعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بس مکمل طور پر جل گئی۔
ڈی ایس پی نوری آباد واجد علی تھیم کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ کراچی سے خیرپورناتھن شاہ جارہی تھی، آتشزدگی کے نتیجے میں کچھ مسافر جاں بحق ہوئے ہیں تاہم ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتاسکتے۔
ڈی ایس پی نوری آباد نے بتایا کہ مسافر کوچ میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے، تمام افراد کراچی سے واپس اپنے گائوں خیرپورناتھن شاہ جارہے تھے۔
دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بس میں آگ لگنے کے واقع کا نوٹس لے لیا اور ڈپٹی کمشنر جامشورو سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ریسکیو عمل کو تیز کرکے انسانی زندگیوں کو بچایا جائے، سیکریٹری صحت کو زخمی مسافروں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے مسافر کوچ کی فٹنس کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں چلنے والے مسافر بسوں کی فٹنس کا معائنہ کیا جائے۔