عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بنی گالہ میں قانونی ماہرین سے ملاقات ہوئی جس میں قانونی ماہرین کی طرف سے عمران خان کو موجودہ کیسز پر بریفنگ دی گئی۔
قانونی ماہرین نے عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ کے سرچ وارنٹ کی کوئی قانونی اہمیت نہیں، اس کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔
‘نواز شریف کے تمام کیسز اوپن اینڈ شٹ ہیں’
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے تمام کیسز اوپن اینڈ شٹ ہیں، نواز شریف کے تمام کیسز پر تیاری رکھی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے نواز شریف کو سزا دی ہوئی ہے، نواز شریف کے پاس اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
‘قانونی طور پر نواز شریف کسی صورت نہیں بچ سکتا’
سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ قانونی طور پر نواز شریف کسی صورت نہیں بچ سکتا، نواز شریف پراربوں کے کرپشن کے کیسز ہیں، عدالتوں کی عزت کرتے ہیں اور ان کا سامنا کریں گے۔
دوسری جانب قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ملک میں سیلابی تباہی کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔
‘بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے’
نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کے باعث ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔
‘پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے’
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا اور زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیرحضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہو، پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔
‘’مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی
انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔