پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان آکر سیلاب زدگان کی عملی مدد کریں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو لندن بیٹھ کر بیان بازی کیوں کر رہے ہیں؟ انہیں تو پاکستان آکر سیلاب زدگان کی عملی مدد کرنی چاہیے۔
پی ڈی ایم چوروں کا ٹولہ ہے
شاہ محمود نے کہا کہ پی ڈی ایم چوروں کا ٹولہ ہے، علی بابا چالیس چوروں والا ڈرامہ دوبارہ قوم دیکھ رہی ہے، پی ڈی ایم کی کرپشن بداعمالی نااہلیت کی بدولت 2018ء میں عوام نے انہیں مسترد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سازش کے تحت شب خون مار کر عمران خان کو اقتدار سے باہر کیا گیا، پنجاب کے عوام نے ضمنی انتخاب میں 13 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو مسترد کیا، کراچی کے عوام نے بھی 15 جماعتوں کو مسترد کیا، شکست کھا کر مسلط شدہ حکمرانوں کو وفاقی حکومت فی الفور چھوڑ دینی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر کو این اے 157 کی عوام چوروں کے ٹولے کو ایک بار پھر شکست کا تحفہ دیں گے، گیلانی خاندان کی سیاست کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہو جائے گا کیونکہ این اے 157 کی عوام کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔
مہنگائی اس وقت عروج پر ہے
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ مہنگائی اس وقت عروج پر ہے، عوام میں بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں، عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان کے حکمرانوں نے کمی کے بجائے بڑھا دیا ہے، عوام پر بجلی اور پیٹرول کا بم گرا دیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سفید پوش طبقے کیلئے تین وقت کی روٹی کھانا ممکن نہیں رہا، حکمرانوں کے غیر ملکی دورے ختم نہیں ہو رہے، عوام چار ماہ کی مہنگائی کو بھولے نہیں ہیں, پنجاب کے ضمنی انتخاب میں عوام نے مہنگائی کا بدلہ لیا, پاکستان کی عوام پی پی‘ ن لیگ کی کرپشن کی وجہ سے ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔
پی پی اور ن لیگ عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں
ان کا کہنا تھا کہ پی پی اور ن لیگ عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں، پی ڈی ایم میں شامل باقی جماعتوں پر پہلے ہی عوام کا اعتماد نہیں تھا، پاکستان کی عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، پاکستانی قوم پر اس وقت مشکل وقت آیا ہوا ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومتیں سیلاب میں گھرے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکمت عملی طے کر رہے ہیں سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کریں گے۔
مزید پڑھیں: سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر وزیر اعظم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، نواز شریف