’’نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے لیے پارٹی اکاؤنٹس کو استعمال کیا‘‘

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فارن فنڈنگ کی تفصیلات نہیں دیں، 24 ستمبر 2020 کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا اور 6 ہفتے کی مہلت دی، 5 نومبر کو مہلت ختم ہونے کے باوجود تفصیلات نہیں دی گئیں۔

مراد سعید نے کہا کہ ان سے سوال پوچھو تو کہتے ہیں بہن جواب دے گی، ان سے پوچھو تو بھائی کا کہتی ہیں، بھائی سے پوچھو تو کہیں گے والد جواب دیں گے، ان سے پوچھو تو کہتے ہیں دادا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کرپشن ٹی ٹی اور جعلی اکاؤنٹس کے ساتھ اور بھی تفصیلات آئیں گی، آصف زرداری نے مارک سیگل کو 60 لاکھ ڈالرز ادا کیے، 3 لاکھ ڈالرز خود دئیے باقی سفارتخانے سے دلوائے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی کی وہ فارن کمپنیاں بھی سامنے آئیں گی جنہوں نے الیکشن مہم چلائی، بلاول کے لیے صدقے کے بکرے اور سفری اخراجات بھی سامنے آئے، الیکشن مہم کے لیے استعمال ہونے والے پیسے کا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ان کا کل کا احتجاج این آر او کی تحریری درخواست رد ہونے پر ہورہا ہے، یہ لوگ اب الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کے چکر میں ہیں۔