‘میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں’ وفاقی وزرا، سینیئر ارکان میدان میں آگئے

کبھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی میں علیحدہ گروپ تشکیل دینے کی اطلاعات کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے وزیراعظم کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا جارہا ہے۔ گزشتہ روز جہانگیر ترین گروپ کی اطلاع سامنے آنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر #IstandWithImranKhan اور #BehindYouSkipper کے ساتھ ساتھ #JKTexposedHimself کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کررہے ہیں اور عام کارکنان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزرا بھی تجدید عہد وفا کرنے میں پیش پیش ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین کی جانب سے قومی اور پنجاب اسمبلی میں ‘اپنے گروپ’ کے پارلیمانی رہنماؤں کے ناموں کا اعلان سامنے آیا تھا۔

مذکورہ پیش رفت پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ٹی آئی کے حامیوں کو یاد دلایا تھا کہ نون (مسلم لیگ) میں ش (شہباز شریف) نکالتے نکالتے وہ پی ٹی آئی میں سے ٹی (ترین) سے ہی محروم ہوگئے۔