میچ ہماری مٹھی میں تھا، ہارنے پر مایوسی ہوئی، اظہر علی

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف جیتی ہوئی بازی گنوانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میچ ہماری مٹھی میں تھا لیکن انگلینڈ کے کھلاڑی ہم سے میچ چھین کر لے گئے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم اپنی دوسری اننگز میں میچ ہارے لیکن ہم نے انگلینڈ کو میچ میں شکست دینے کا موقع گنوا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جیت کا موقع گنوا دیا لیکن اس سے قبل اولڈ ٹریفورڈ پر اتنے بڑے ہدف کو صرف ایک مرتبہ حاصل کیا جا سکا ہے، ہم میچ میں بہترین پوزیشن میں تھے کیونکہ صرف ٹیل اینڈرز باقی تھے اور ہمیں امید تھی کہ اگر ایک اور وکٹ گر گئی تو ہم جلد اننگز سمیٹ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہا ہوں اس لیے مجھے پتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ مشکل ہوتی ہے، ہر شخص نے اپنا کردار ادا کیا لیکن بدقسمتی سے ایک اچھی پارٹنرشپ نے ہمارے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہر چیز انگلینڈ کے حق میں گئی اور بدقسمتی سے کوئی بھی چیز ہمارے حق میں نہ گئی، جب آپ اس طرح کی اننگز کھیلتے ہیں تو آپ کو قسمت بھی درکار ہوتی ہے اور قسمت کی دیوی ان پر مہربان تھی، کبھی کبھار آپ کو مخالف کو کریڈٹ دینا پڑتا ہے۔

اپنی ناقص فارم کے حوالے سے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ 10سال کی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد میں یہ سمجھتا ہوں کہ مجھے کچھ فیصلے کس وقت کرنے چاہیئیں، جب میں بیٹنگ کرتا ہوں تو قیادت اور اپنی فارم کے بارے میں نہیں سوچتا اور جب میں قیادت کرتا ہوں تو اپنی بیٹنگ کے بارے میں نہیں سوچتا، پھر چاہے میں نے سنچری اسکور کی ہو یا صفر پر آؤٹ ہوا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ میچ ہارنے پر بہت مایوسی ہوئی کیونکہ یہ میچ ہماری مٹھی میں تھا اور میچ کے اکثر حصے میں ہم حاوی رہے لیکن کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ ہمارا انگلینڈ میں بہت بہترین ریکارڈ ہے جو تمام ایشین ٹیموں سے بہتر ہے، ہمیں یہ میچ بھی جیتنا چاہیے تھا لہٰذا میں نہیں سمجھتا کہ ہم انگلینڈ میں کچھ خاص جدوجہد کررہے ہیں اور میں پر اعتماد ہوں کہ ہم بقیہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں انہیں چیلنج کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 117 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 149رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا اور انگلینڈ نے میچ میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔