شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نعمتِ عظمٰی ﷺ کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان اور نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ خاتم النبین ﷺ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا۔
انہوں نے کہا کہ میری طرف سے اس نعمتِ عظمٰی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو، یہ اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہوا کہ اس نے حضور ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، آپ ﷺ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا، یتیموں اور بیواؤں کو پناہ ملی، غریبوں کو خوداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حضور اکرم ﷺ کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، نفرتوں، عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو اُخوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی، حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مقدسہ تمام انبیاء و رسول کی خوبیوں کا جامع ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ ﷺ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا، اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور انسانوں کی برابری کی تعلیم دی، بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلیٰ اخلاق پر رکھی اور ظلم و نا انصافی کی ہر شکل کو ممنوع قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ ﷺ کے اثر انگیز ارشادات اور اسوہ حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے، غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گئی، جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں ﷺ کی کامل تابعداری میں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب ﷺ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔