اسلام آباد (عابد علی آرائیں ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف اپیل میں اکبر ایس بابر کی فریق بننے کی درخواست پر تحریک انصاف کونوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پرمشتمل تین رکنی بینچ نے 2 بج کر دس منٹ پرپی ٹی آئی کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کاآغاز کیا تو پی ٹی آئی کے وکلاء انور منصور خان اور شاہ خاور ، اکبر ایس بابر اپنے وکیل احمد حسن شاہ کے ہمراہ اور الیکشن کمیشن کی طرف سے منیر احمد پراچہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
عدالت نے پہلے اکبر ایس بابر کی کیس میں فریق بننے کی درخواست پر سماعت کی اکبر ایس بابرکے وکیل احمد حسن شاہ نے کہا کہ ہم اس کیس میں فریق بننا چاہتے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ہماری درخواست پر فیصلہ دیا،انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فریق بنایا جائے۔
انور منصور خان نے اکبر ایس بابر کے فریق بننے کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر پاکستان تحریک انصاف کے رکن نہیں ہیں عدالتی فیصلہ موجود ہے کہ اکبر ایس کو الیکشن کمیشن سن سکتا تھا قانون کی عدالت میں ان کو نہیں سنا جاسکتا ، الیکشن کمیشن میں اکبر ایس بابرکی حیثیت محض ایک اطلاع دہندہ کی تھی اکبر ایس بابر کیس سن تو سکتے ہیں لیکن فریق نہیں بن سکتے، اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے یہ تعین کیا جائے گا کہ اکبر ایس بابر کو فریق بنانا ہے یا نہیں۔
انور منصور خان نے کہا کہ انہیں درخواست کا ابھی پتہ چلا ہے اس کی کاپی مجھے دی جائے مجھے اس متعلق جواب داخل کرنے کی مہلت دی جائے، اس دوران اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ انہیں سنا جائے تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اکبر ایس بابرکے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں کہ عدالت آپکی درخواست منظور کرے؟ یا آپ کہنا چاہ رہے کہ اگر آپکی درخواست منظور نہیں کرتے توعدالت انکی درخواست بھی مسترد کرے؟عدالت نے وکیل سے کہا کہ آپ کی استدعاسن کر فیصلہ کیا جائے گا۔
عدالت نے اکبرایس بابر کی فریق بننے کی درخواست پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ، چھ منٹ کی سماعت کے بعد عدالت نے 2بج کر 16منٹ پر سماعت ختم کردی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سماعت پر عدالت نے ابتدائی سماعت کیلئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کئے تھے الیکشن کمیشن کو سن کر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جانا تھا تاہم آج الیکشن کمیشن کے وکیل کوسننے سے پہلے اکبر ایس بابر کی درخواست کی درخواست کی سماعت ہوئی جس پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔