تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا ملک کو خیراتی ادارے کی طرزپر چلانےکا تجربہ ناکام ہوگیا، جتنی تباہی عمران خان نے کی اتنی ملک کی مجموعی تاریخ میں کبھی نہ ہوئی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اس کے حواری لوٹ مار کے بعد ملک تباہ کرکے لندن بھاگ جائیں گے، خدشہ ہے کہ عمران خان کا اقتدار مدت پوری کرگیا تو ملک دیوالیہ نہ ہوجائے، عمران خان ملک کو اتنا بدحال کرچکے کہ دہائیوں تک ہرجانہ بھراجائےگا، آئندہ نسلوں نے عمران خان کی تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کرنی ہے۔
بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو معاشی بحران ورثے میں نہیں ملا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک میں معاشی بحران پیدا کیا ہے ، عمران خان کا سب سے بڑا جرم ملک کےنوجوانوں کی امیدوں کا قتل ہے، وہ حکمران کیسےملک چلاسکتا ہے جس کی باتوں کو کوئی سنجیدہ لینے کو تیار نہیں۔
چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ وبا بعد میں آئی ہے، عمران خان پہلے ہی معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے،موجودہ حکومت میں پاکستان بدترین سیاسی، انتظامی اور مالی بحران کاشکار ہے، صورت حال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے عوام سے منہ چھپاتے پھررہے ہیں۔