سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک ڈوبا ہوا ہے اور عمران کو اپنے جلسے اور احتجاج کی پڑی ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مخصوص طبقہ میری کردار کشی کررہا ہے ، یہ مخصوص طبقہ توشہ خانہ چلاجائے اور دیکھ لیں ہار وہاں موجود ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا کیس ابھی بھی چل رہا ہے اور ہمارے وکلاء جلد کردارکشی پر قانونی کارروائی پر پریس کانفرنس کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی ہار رہے ہیں اس لئے کردار کشی کررہے ہیں لیکن اس کا جواب شاہ محمود قریشی کو 16 اکتوبر کو مل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ میں مجھے اگر عدالت نااہل کردیتی ہے تو ان کی طرح رووں کا نہیں خوش ہونگا۔
یوسف رضاگیلانی نے واضح کیا کہ معاہدے ریاست کے ساتھ ہوتے ہیں پارٹی کے ساتھ نہیں اور ہم اسٹیٹ کے ساتھ معاہدے کے ساتھ چل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اپنی حکومت میں سائفر کی انوسٹیگیشن کروا لیتے لیکن سائفر اس لئے لایا گیا کہ عدم اعتماد ٹل جائے اور ہم انہیں غدار قرار دے دیں ۔