پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا ذمہ داران نے چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اہم قومی معاملات پر تحریک انصاف کے بیانیے کے خدوخال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور عوام میں پائے جانے والے جوش و خروش، فسطائی امپورٹڈ سرکار کی جانب سے سماجی میڈیا کارکنان کو ہراساں کئے جانے اور نشانۂ انتقام بنائے جانے پر مفصل بات چیت ہوئی۔
عمران خان نے اس موقعے پر کہا کہ سیاست کے لبادے میں مجرموں کے اقتدار پر قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے، استحکام اور ترقی کی جانب پیش قدمی کرتے پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردِعمل دیا، بیرونی سازش کامیاب ہوئیں تو عوام کسی تحریک کے بغیر بے مثال انداز سے سڑکوں پر نکلی، امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کیلئے بدترین فسطائیت کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں موجود آزاد اور غیر جانبدار آوازوں کو دبا کر ملک میں جبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی گئی، سماجی میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک، عوام کی آواز کو پہلے سے بڑھ کر گونج دی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سماجی میڈیا نے ابلاغ کو فسطائیت کے شکنجے سے آزاد کروا کر عوام کے سیاسی شعور میں اضافے اور پختگی کی راہ ہموار کی، آئین و قانون پامال کر کے اظہار کی آزادی کو سلب کرنا اب سیاسی طالع آزماؤں کیلئے ممکن نہیں رہا، ہمیشہ کی طرح لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لازم ہے کہ کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، ہم روایتی سیاسی اہداف کے حصول کیلئے نہیں، قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک میں فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ اور بحرانوں سے نجات کا واحد رستہ ہے۔