آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الاضحی انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ، ملک کی سلامتی و خوشحالی اور کرونا وباء سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ،نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور ذبح کئے، نمازِ عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں بدھ کو نمازِعید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت کئی علاقوں میں بارش کے باعث بعض علاقوں میں نمازِعید کے اجتماعات مساجد میں ہوئے جبکہ علاقوں میں کھلے میدانوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت ہزاروں شہریوں نے نمازِ عید ادا کی۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ کراچی، لاہور، پشاوراور کوئٹہ کے علاوہ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد، مظفرآباد، گلگت، سکردو، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے اجتماعات میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، کوئٹہ میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ طوغی روڈ پر ہوا۔خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں مختلف مقامات پر نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، شہر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ چارسدہ روڈ پر ہوا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نمازِ عید کے اجتماع میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور سینیٹر فیصل جاوید بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں صدر مملکت نے پاکستان اور مسلم امہ کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے دعا کی۔ادھر لاہور میں بادشاہی مسجد کے علاوہ بحریہ ٹائون کی گرینڈ جامع مسجد میں بھی نمازِ عید کا اہتمام کیا گیا۔ گرینڈ جامع مسجد میں نمازِ عید علامہ محمد طاہر اشرفی نے پڑھائی۔ لاہور میں ملتان روڈ پر منصورہ میں بھی نماز عید الاضحی کا اجتماع ہوا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عید الاضحی کی نماز لاہور میں ادا کی۔ عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کراچی میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور ذبح کئے۔ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر حکومت نے عید الاضحی کے موقع پر عوام سے کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ نمازِ عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔