شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی بحران کی ذمہ دار پی ڈی ایم کی حکومت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ،بیروزگاری،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ پی ڈی ایم حکومت کے تحفے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ قیادت کی کرپشن کی داستانیں زد و عام ہیں، دونوں جماعتوں نے قومی خزانے پر 11 سو ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا، بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور غیر ملکی اکاؤنٹس کھولے اور اگر کچھ نہیں کیا تو صرف انہوں نے قوم کے لئے کچھ نہیں کیا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ لٹیرے قومی خزانے کو نہ لوٹتے تو قوم آج اس حال میں نہ ہوتی، عمران خان قوم کے مسیحا ہیں ،انہوں نے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں نہ تو کوئی اندرون و بیرون ملک جائیداد بنائی اور نہ کوئی صنعت لگائی۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملکی بحران کی ذمہ دار پی ڈی ایم کی حکومت ہے،16 اکتوبر کو عوام مہنگائی اور بحرانوں کے ذمہ دار حکمرانوں کو مسترد کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران جتنا مرضی پراپگینڈہ کرلیں عمران خان کو لوگوں کے دلوں سے دور نہیں کرسکتے، قوم کی نظریں عمران خان کی طرف ہیں، آنے والا وقت پھر تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی پی ن لیگ نے ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلا، پی ڈی ایم انتشار کی سیاست کررہی ہے، انتشار کی سیاست کرنے والے منہ کی کھائیں گے جبکہ 16 اکتوبر کو انتشار کی سیاست کرنے والوں کو شکست اور مایوسی ہوگی۔
سابق وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی مخالفت اور مفادات کے حصول کیلئے پی ڈی ایم حکومت میں آئی، جس مقصد کیلئے امپورٹڈ حکمران اقتدار میں آئے اس مقصد میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران کیخلاف کرپشن کے مقدمات بتدریج ختم ہو رہے ہیں، انہیں عوام کے مسائل سے نہ کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کا ادراک ہے جبکہ انہیں صرف اپنے خلاف قائم مقدمات ختم کرنے اور اقتدار کو طول دینے کی فکر ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ملک کو بحرانوں میں دھکیلا، جتنے دن یہ لوگ اقتدار میں رہے ملک اور قوم مشکل میں رہے گی اور اگر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو انہیں گھر بھیجنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے قوم سخت مشکل میں ہے، ان سے معیشت سنبھلنے والی نہیں ، ملکی تاریخ میں مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موجودہ بحرانوں کے ذمہ دار پی پی،ن لیگ اور پی ڈی ایم کی جماعتیں ہیں، الزام تراشی کے سہارے دن نہیں گزارے جاتے ہیں، اپنی نااہلی اور کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر موجودہ ملکی حالات اور بحرانوں سے بری الزمہ نہیں ہو سکتے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ این اے 157 کی عوام سمجھ دار ہیں وہ جانتے ہیں ان کے لئے کون لوگ مخلص ہیں، گزشتہ 5 ماہ سے اقتدار پر قابض ہیں،عوام مشکل میں ڈالنے والوں کو بھول نہیں سکتے، عوام 16 اکتوبر کو مہنگائی کے ذمہ داروں کو ووٹ کی طاقت کے ذریعے سزا دیں گے۔