ملکوں ملکوں دیکھا چاند‘کی سڈنی میں شاندار تقریب رونمائی
ہفتہ ۱۲ مئی کی شام آسٹریلیا کے اُردو ادیب طارق محمود مرزا کے نئے سفر نامے’’ ملکوں ملکوں دیکھا چاند ‘‘ کی سڈنی میں شاندار تقریبِ رونمائی ہوئی جس میں آسٹریلیا کے ادبیوں ، شاعروں اور دیگر اہم سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس تقریب کا انعقاد پاک فورم آسٹریلیا نے کیا تھا ۔
صدارت مشہور شاعر اور ادیب مسلم علوی نے کی ۔ مہمانِ خصوصی پاکستان کے کونسل جنرل محمد اشرف ، مہمانِ خاص جنوبی آسٹریلیا سے خصوصی تشریف لانے والے محقق اور ادیب افضل رضوی تھے ۔ دیگر مقررّین میں ، اسید خلیل، عباس زیدی، اختر مغل، عباس علوی اور رانا ظفر حسین شامل تھے ۔ ہما مرزا نے سفیرِ پاکستان زاہد حفیظ چودھری کا خصو صی پیغام پڑھ کر سنایا ۔ اس موقع پر مشہور مزاح نگار گل نوخیز اختر کے ٹی وی پروگرام میں کیے گئے کتاب پر تبصرے کی ویڈیو بھی دکھائی گئی ۔ مصنف طارق مرزا نے اپنی تقریر میں ادیبوں ، شاعروں ، پاک فورم آسٹریلیا کے ممبران، میڈیا اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ مصنف نے کتاب کی اشاعت کے مختلف مراحل کے ذکر کے ساتھ کتاب میں درج اپنے پیامِ خاص یعنی امن کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ تقریب میں لذّتِ کام و دہن کا خصوصی انتظام تھا ۔ کرونا کی پابندیاں نرم ہونے کے بعد یہ سڈنی کی سب سے بڑی ادبی تقریب تھی۔