ملائیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ایم) نے کہا ہے کہ پاکستانی لائسنس رکھنے اور مقامی ایئر لائنز میں ملازمت کرنے والے تمام 18 پائلٹس کے لائسنس مستند ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سی اے اے ایم کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے ملائیشیا میں ملازمت کرنے والے تمام پائلٹس کے لائسنس کے مستند ہونے کی تصدیق کی۔ سی اے اے ایم نے کہا کہ ملائیشیا میں تمام معطل 18 پائلٹس کو بحال کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ملائشیا کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے پاکستانی لائسنس رکھنے والے اور مقامی ایئر لائنز میں ملازمت کرنے والے تمام پائلٹس کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ میں وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے 262 پائلٹس نے ’مشکوک‘ لائسنس حاصل کر رکھے ہیں جس کے بعد مختلف ممالک کے ایوی ایشن حکام نے وہاں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور انجینئرز کی ڈگری کی تصدیق طلب کی۔ بعدازاں سی اے اے ایم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ معطلی کا فیصلہ ملائیشیا میں تمام غیر ملکی پائلٹس کی جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا۔ سی اے اے ایم نے کہا تھا کہ پائلٹ مقامی آپریٹرز جیسے فلائنگ اسکول، فلائنگ کلب اور تربیتی تنظیموں کے ساتھ کام کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ لائسنس رکھنے والوں کی تصدیق کے لیے کوششیں کررہے ہیں، اس میں پائلٹ، پاسپورٹ نمبر، پاکستانی پائلٹ لائسنس نمبر، سی اے اے ایم کی توثیق نمبر (اگر دستیاب ہو) اور ملائییشیا لائسنس کی تبدیلی – پی پی ایل / سی پی ایل / اے ٹی پی ایل نمبر کی جانچ کی جارہی ہے۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کو کی گئی ای میل میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘فی الحال تمام آپریٹرز کو اپنے پائلٹس کو فلائیٹ آپریشنز سے عارضی طور پر معطل کرنا ہوگا جن کے لائسنس پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے تھے اور یہ اس وقت تک ہوگا جب تک کہ ان کے لائسنس کی تصدیق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کی جانب سے نہ ہوجائے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک بار تصدیق کا عمل مکمل ہوجائے تو سی اے اے ایم آپریٹرز کو فوری طور پر ان کی بحالی کے لیے مطلع کردے گا’۔