پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر معمولی معاشی تباہی پھیلانے والے عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرکے پاکستان کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، صوبے میں 8.9 فیصد اضافے کے بعد شرح غربت 27 فیصد پر پہنچ چکی ہے جب کہ سندھ میں پی پی کی حکومت میں نہ صرف شرح غربت میں 7.6 فیصد کی کمی ہوئی بلکہ صوبے کی فی کس آمدنی بھی ملک بھر میں سب سے زیادہ ہوچکی ہے، ایک جانب ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب عمران خان بزرگ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔