مشکل گھڑی میں چینی حکومت نے کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہےکہ پاکستان جب بھی کسی مشکل گھڑی سے گزرا تو چینی حکومت اور عوام نے کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے والی چینی کمپنی کے وفد نے پاکستان میں چینی قونصل جنرل کی سربراہی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں چینی کمپنی کے وفد نے وزیراعظم کو ایک خطیر رقم کا چیک برائے امداد و بحالی سیلاب زدگان پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جب بھی کسی مشکل گھڑی سے گزرا تو چینی حکومت اور عوام نے کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا ،اسی محبت کی وجہ سے دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحر الکاہل سے گہری ہے، ہمیں ہمیشہ اس دوستی پر فخر ہے اور رہےگا۔

پاکستان میں سیلاب سے تباہی، دوست ممالک سے امدادی پروازوں کا سلسلہ جاری

دوسری جانب پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے کے لئے دوست ممالک سے امدادی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک مختلف ممالک سے 30 امدادی پروازیں امداد لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارت سے 12 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں جبکہ دوسرا نمبر پر ترکیہ سے آنے والی امدادی پروازوں کا ہے، ترکیہ سے کل دس امدادی پروازیں امدادی سامان کے کر پاکستان پہنچی ہیں۔

عاصم افتخار احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین سے کل چار امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں جبکہ ازبکستان سے ایک امدادی پرواز سیلاب متاثرین کے لیے سامان لے کر پاکستان پہنچی۔

پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

علاوہ ازیں پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جس میں 200 ہیلی کاپٹرز ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی  سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور راشن اور ادویات کی ترسیل کے لیے دو سو ہیلی کاپٹر پاکستان کے مختلف علاقوں میں اڑائے گئے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer