مریم نواز کی نیب میں پیشی، کارکنان اور پولیس میں تصادم

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے طلب کیے جانے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر کے باہر سخت ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد جاتی عمرہ کے باہر پہنچ گئی اور ان کے ہمراہ نیب دفتر کی جانب روانہ ہوئی۔

تاہم نیب کے دفتر کے قریب اطراف کی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا تھا اور اس سے آگے کسی کارکن کو نہیں جانے دیا گیا جس پر کارکنان مشتعل ہوگئے۔

اس موقع پر پولیس اور کارکنان میں تصادم ہوا اور دونوں جانب سے پتھراؤ کیا گیا اور پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے جس کے باعث صورتحال سخت کشیدہ ہوگئی۔