محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب آج مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہوچکا ہے، مراد راس

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب آج مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہوچکا ہے۔

مراد راس کی زیر صدارت سی ای اوز کانفرنس کا قائد ہیڈکوارٹر وحدت روڈ پر انعقاد ہوا جس میں صوبے بھر کے تمام اضلاع کے سی ای اوز شریک ہوئے۔

کانفرنس میں سی ای اوز سے یکساں نصاب تعلیم کا اطلاق، کتابوں کی فراہمی و دیگر معاملات کے حوالے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔

‘درپیش مسائل کے مستقل حل کیلئے دن رات کام کررہے ہیں’

اس حوالے سے مراد راس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے جاری کردہ منصوبوں کو نقصان پہنچایا گیا، درپیش مسائل کے مستقل حل کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

‘اسکولوں میں کتابوں کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا’

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں کسی بھی قِسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب سے جُڑے ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے بھر کے اسکولوں میں کتابوں کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا، کنٹریکٹ پر بھرتی اساتذہ کیلئے بروقت تنخواہوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

‘محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہوچکا ہے’

مراد راس نے کہا کہ آج محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہو چکا ہے، 2018 میں پاکستان کے دوسرے بڑے ادارے محکمہ تعلیم پنجاب میں ویڈیو کانفرنس کرنے کی سہولت بھی موجود نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت کا عمل یقینی بنتا ہے جو مسلم لیگ ن جیسی جماعتوں کو گوارہ نہیں، ہمیں آج بھی اُسی رفتار سے کام کرنا ہے جس رفتار سے ہم کرتے آئے ہیں۔

‘محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کو رواں سال میں مکمل طور پر ڈیجٹلائز کردیا جائےگا’

اس سے قبل وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا تھا کہ محکمہ تعلیم میں وہی لوگ رہیں گے جو بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کو رواں سال کے آخر تک مکمل طور پر ڈیجٹلائز کر دیا جائے گا ، گزشتہ چند سالوں کے دوران محکمہ تعلیم پنجاب میں ٹیکنالوجی کی مدد سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے جامع استعمال سے لوگوں کی زندگی آسان ہوتی ہے اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوتا ہے ، شعبہ تعلیم کی ترقی و بحالی کے لئے جو اقدامات موجودہ حکومت نے کیے ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

Best Car Accident Lawyer