وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ہر آزمائش میں پاکستان کے عوام کی بھرپور مدد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کا خصوصی طیارہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر لاہور پہنچ گیا، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔
چودھری پرویز الٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضروری سامان بھجوانے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملنے والا سامان متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جائے گا اور اس سے سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، پاکستان اور برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پنجاب کے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان بھجوانے پر مشکور ہیں،
اس موقعے پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام موجود تھے۔