”ماں چھوڑ گئی “ …. عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس دنیا میں نہیں رہیں

بلقیس ایدھی نے جھولا پراجیکٹ کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا، انسانیت کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا

معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئیں۔تفصیلات کے مطابق معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور سماجی کاموں کے حوالے سے معروف بلقیس ایدھی انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی۔بلقیس ایدھی گزشتہ چند روز سے انتہائی علیل اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ بلقیس ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلقیس ایدھی نے جھولا پراجیکٹ کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ بلقیس ایدھی کی زندگی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ہمیشہ بلقیس ایدھی کی شکر گزار اور احسان مند رہے گی۔