وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے 5 سال مکمل ہونے پر مافیاز کو قانون کے دائرے میں لانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہ یہ جو شور مچا ہوا ہے اور بلیک میل کر رہے ہیں کہ حکومت گرا دیں گے تو ان کا مقصد خود کو قانون سے اوپر رکھنا ہے.
نوکنڈی سے ماشکیل شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی بالادستی معاشرے کے لیے ضروری ہے جب قانون کی بالادستی نہیں ہوگی تو وہاں جنگل کا قانون ہوتا ہے اور کسی معاشرے نے آج تک ترقی نہیں جہاں قانون کی بالادستی نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جو شور مچا ہوا ہے، سارے مافیاز، کبھی کوئی مافیا کھڑا ہوتا ہے کبھی کوئی بلیک میل کرتا ہے، اس کا صرف ایک مقصد ہے یہ اپنے آپ کو قانون کے اوپر رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بلیک میل کرنا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کی حکومت گرادیں گے اگر ہمیں این آر او، سہولیات یا استثنیٰ نہیں دیا۔
عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان میں 5 سال بعد دیکھنا چاہتا ہوں کہ بڑے بڑے مافیاز ان سب کو قانون کے نیچے لے کر آؤں، پاکستان میں پہلی مرتبہ قانون کی حکمرانی قائم کریں۔