مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے گرفتاری سے بچنے کے لیےلاہورہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رانا مشہود نے اپنے وکیل رانا اسد اللہ کی وساطت سے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی۔
درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ جس میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ پولیس نے حکومت کے کہنے پر مخلتف مقدمات میں نامزد کر دیا ہے۔ دو مقدمات میں پولیس نے گرفتاری کے لیے گھر پر ریڈ بھی کیا ہے۔
رانا مشہود نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پولیس سیاسی نوعیت کے کیسز میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ عدالت درخواست گزار کے خلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے اور درخواست کے حتمی فیصلے پر پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
اس سے قبل لاہورہائی کورٹ میں ایم پی اے اویس لغاری پر درج مقدمات کے ریکارڈ کے لیےدرخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئی جی پنجاب کو نوٹس جاری کر کے کل تک ریکارڈ طلب کر لیا۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے مسلم لیگ ن کے رہنما اویس لغاری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، جس میں اویس لغاری نے مؤقف پیش کیا کہ پولیس نے مختلف مقدمات میں نامزد کر رکھا ہے۔ پولیس مقدمات کا ریکارڈ فراہم نہیں کررہی۔ عدالت پولیس کو تمام مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔