اپوزیشن جماعتوں کے اعتراض کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10ویں قومی مالیاتی کمیشن(این ایف سی) کی تشکیل نو کردی تاہم وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو کمیشن سے نکال دیا گیا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر خزانہ 9 ارکان پر مشتمل کمیشن کی سربراہی کریں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ بھی شامل ہوں گے۔
کمیشن کے دیگر اراکین میں پنجاب سے طارق باجوہ، سندھ سے ڈاکٹر اسد سعید، خیبرپخونخوا سے مشرف رسول سیان اور بلوچستان سے قیصر بنگالی شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ نئے مالیاتی کمیشن میں 9 اراکین شامل ہیں جبکہ 12 مئی کو تشکیل دیا گیا کمیشن 11 اراکین پر مشتمل تھا اب حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وفاقی سیکریٹری خزانہ کو نکال دیا ہے۔
علاوہ ازیں پہلے کمیشن میں شامل بلوچستان کے رکن سابق سینیٹر جاوید جبار مئی کے اواخر میں اپنی نامزدگی پر سیاسی مخالفت کے باعث این ایف سی سے علیحدہ ہوگئے تھے۔