قومی اسمبلی کے آٹھ حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے چھ اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے دو نشستیں حاصل کی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری غیر مصدقہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے سات حلقوں میں واحد امیدوار کے طور پر 6 نشستوں پر کامیاب ہوئے جس میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی، کراچی شامل ہے۔
این اے 157 ملتان کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
کراچی کے حلقہ این اے 237 ملیر سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32 ہزار 567 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے دو اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے ایک نشست حاصل کی ہے۔
پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر کی نشستوں پر پی ٹی آئی کے فیصل نیازی اور ملک محمد مظفر نے کامیابی حاصل کی جبکہ پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو کامیاب رہے۔