مشیر امور کشمیر نے باغ آزاد کشمیر میں گاڑی کے حادثے میں پاک افواج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قمر زمان قائرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی حفاظت کی خاطر پاک افواج کے افسران اور جوان لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، ملکی سرحدوں کی حفاظت ہو یا پھر قدرتی آفات سے بچاؤ، پاک فوج نے ہمیشہ اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ شہدا کے لواحقین کو صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی گاڑی کو شجاع آباد کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی گاڑی کو باغ کے علاقے شجاع آباد کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، گاڑی فوجی ڈیوٹی کے دوران ایک نالے میں گر گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے میں 9 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ تمام شہداء کی نماز جنازہ منگلا گیریژن میں ادا کردی گئی ، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور دیگر فوجی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیے گئے۔