قمر زمان کائرہ نے ”صلو علیہ وآلہ” خطاطی نمائش کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ”صلو علیہ وآلہ” خطاطی نمائش کا افتتاح کردیا ہے۔

اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تہذیب اسلامی میں فن خطاطی کو نمایاں حیثیت حاصل ہے، خطاط واصل شاہد نے اپنے فن پاروں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دین اور مذہب کے ساتھ محبت کے کئی رنگ ہیں جن میں سے خطاطی ایک ہے، ربیع الاول کے مہینے میں ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمیں اپنی زندگی میں نظم سکھاتی ہے، عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرد اور اجتماعی زندگی میں نظم کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطاطی کے یہ حروف نظم کا ایک پورا سلسلہ ہیں، اگر ہم زندگی میں نظم و ضبط پیدا کریں تو ہم بہترین انسان بن سکتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا بھرپور اظہار ان کی دی ہوئی ہدایت پر عمل کرنا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہم دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان خطاطین نے اس فن کے ذریعے عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا خوب اظہار کیا ہے، خطاطی کا یہ فن سماج کی اخلاقی اور روحانی تربیت کا بھی سبب ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ نمائش میں سونے کے ورق کے ساتھ تخلیق شدہ 20 فن پارے پیش کیے گئے ہیں، خطاطی میں آیات کا تخلیقی اور روحانی اظہار کیا گیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer