پاکستان فیٹف کی تمام شرائط مکمل کر چکا ہے جس کے بعد پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف معیارات پر عملدرآمد کرنے والے ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رواں ماہ 17 سے 21 اکتوبر کو ایف اے ٹی ایف کا اجلاس منعقد ہو گا جبکہ 21 اکتوبر کو پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکل آنے کا قوی امکان موجود ہے کیونکہ پاکستان فیٹف کی تمام شرائط پوری کر چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ٹیم نے 29 اگست سے 3 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کیا، ٹیم نے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی تھی جبکہ دیگر تمام متعلقہ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں اور زمینی حقائق پر ایف اے ٹی ایف ٹیکنیکل ٹیم مطمئن واپس گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فیٹف جائزہ ٹیم کا مقصد قوانین پر عملدرآمد کے لیے پولیٹیکل ول کو سمجھنا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیرمملکت حنا ربانی کھر اور انکی ٹیم ایف اے ٹی ایف شرائط اور ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے مکمل متحرک رہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے اختتام پر 21 اکتوبر کو پیرس میں پریس کانفرنس ہوگی جس دوران پاکستان کے لیے پیرس سے خوشخبری آئیگی۔