فصل کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھارتی کسان کا سنی لیونی کی تصویر کا استعمال

بھارتی کاشت کار نے اچھی کاشت اور فصل کو لوگوں کی بد نظروں سے بچانے کے لیے کھیتوں میں بولی وڈ اداکارہ سنی لیون کی انتہائی بولڈ تصاویر آویزاں کردیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایک دیہات میں کسان نے اپنی 10 ایکڑ زمین میں اچھی کاشت کے لیے سنی لیون کی بکنی میں بنائی گئی بہت بڑی تصاویر آویزاں کردیں۔

کاشت کار کی جانب سے اپنی زمین میں بہت بڑے سائز کی دو بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں جنہیں راہگیر دور سے آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔ تصاویر میں سنی لیون کو سرخ بکنی میں دکھایا جاسکتا ہے اور ان کی تصاویر پر مراٹھی زبان میں حسد اور جلن سے متعلق ایک قول بھی لکھا گیا ہے، جس کا مفہوم ہے کہ ان سے کوئی حسد نہ رکھے۔

کسان نے زمین پر سنی لیون کی تصاویر آویزاں کرنے سے متعلق بتایا کہ ان کی 10 ایکڑ پر مشتمل زمین پر آتے جاتے راہگیر لوگوں کی نظریں ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی کاشت اچھی نہیں ہوتی، اس لیے انہوں نے فصل کو بد نظروں سے بچانے کے لیے مذکورہ طریقہ آزمایا۔

کسان نے دعویٰ کیا کہ سنی لیون کی بولڈ تصاویر آویزاں کرنے کے بعد ان کی فصل انتہائی اچھی ہوئی ہے اور ان کا طریقہ کام کر گیا۔  کاشت کار کے مطابق جب سے انہوں نے سنی لیون کی تصاویر کو زمین میں آویزاں کیا تب سے راہگیر لوگوں نے ان کی فصل کو بد نظروں سے دیکھنا اور گھورنا بند کردیا اور سب لوگوں کی نظریں اداکارہ کی تصاویر پر گئیں۔

خیال رہے کہ سنی لیون اپنے بولڈ انداز کی وجہ سے نہ صرف بھارت بلکہ دیگر ممالک میں بھی شہرت رکھتی ہیں۔ اداکارہ عام طور فلموں میں آئٹم سانگس پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیتی ہیں لیکن انہوں نے چند فلموں میں کردار بھی ادا کیے ہیں۔ آخری بار سنی لیون 2019 کی رومانٹک کامیڈی فلم موتی چور چکنا چور میں آئٹم گانے پر ڈانس کرتی دکھائی دی تھیں۔