فارن فنڈنگ کیس سے خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہیں کہتا، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تمام فنڈنگ قانونی ہے اور ریکارڈ پر ہے جبکہ مجھے اگر فارن فنڈنگ کیس سے خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہیں کہتا۔

نجی چینل ‘اے آر وائی نیوز’ کے پروگرام ‘اعتراض ہے’ کے میزبان عادل عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ‘اپوزیشن فارن فنڈنگ کیس سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سمیت کہیں بھی لے کر جائے اس کی اوپن سماعت ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی تمام فنڈنگ قانونی ہے اور ریکارڈ پر ہے لیکن ان کے پاس فنڈنگ کے ریکارڈز نہیں ہیں، جبکہ مجھے اگر فارن فنڈنگ کیس سے خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہیں کہتا’۔

فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کرنے کے الزام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘پچھلے الیکشن کمشنر اپوزیشن کے لگائے ہوئے تھے اور وہ پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن تھے اور وہ ہمارے خلاف گیم کھیل رہے تھے، اس وجہ سے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر ہوئی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک آدمی جو پی ٹی آئی کا دشمن تھا وہ ہمارے اکاؤنٹس کی تحقیقات کرے ایسا نہیں ہوسکتا، آج الیکشن کمشنر پر ہمیں اعتماد ہے اور فارن فنڈنگ کیس میں یہ آج آجائیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا’۔