احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے سیلاب زدگان کے نام پر الیکشن مہم چلائی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے عمران خان نے جو پیسے سیلاب زدگان کے لئے جمع کئے تھے وہ اپنے جلسوں پر لگا دیئے ہوں، عمران خان ماضی میں بھی شوکت خانم کے پیسے اپنے جلسوں پر استعمال کرتے رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ چوبیس اکتوبر تک سیلاب نقصانات کی مکمل رپورٹ کررہی ہے جس کے بعد ڈونرز کانفرنس منعقد کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے 9 ارب گندم کابیج متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرنیکی منظوری دی جاچکی ہے، ہم غریب کسانوں کو صوبوں کیساتھ ملکر بیج دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن ون سائڈ تھا ہماری توجہ سیلاب زدگان کیطرف تھی ہم صبح سے شام تک سیلاب زدگان کی امداد یقینی بنانے پر لگے تھے ہم نے سیاسی عمل کو ترجیح نہیں بنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ضمنی الیکشن اس لئے جیت گئے کیونکہ ہم سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں لگے ہوئے تھے، ہم سیلاب زدگان کی مدد کررہے تھے اور عمران خان جلسے کررہے تھے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ دوچار سیٹیں مخالف لیکر دل خوش کرلیں ہماری توجہ سیلاب پر تھی میں نے پہلے کہا تھا یہ شخص ظالم ہے، اس کو سیلاب زدگان کی فکر نہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے سیلاب زدگان کے نام پر الیکشن مہم چلائی، عمران خان سیلاب زدگان کیساتھ مذاق کرتے رہے اگر خان صاحب سیلاب زدگان پر یہ پیسے لگاتے تو شاید دو سے چار ضلعے بحال ہوجاتے۔