عمران صاحب خود کو ہر قانون و ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب خود کو ہر قانون اور ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں ،آئین کے تحت خود مختار اداروں، الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کو عمران صاحب خاطر میں نہیں لاتے ۔ انہوںنے کہاکہ قانون اور اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ عمران صاحب نے گزشتہ روز دکھایا ،الیکشن کمیشن عمران صاحب کو نوٹس جاری کرے ۔ انہوںنے کہاکہ جس کو الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر سے نکل جانے کا حکم دیا، عمران صاحب ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ لے آئے،عمران صاحب نے قانونی حکم کی خلاف ورزی کر کے الیکشن کمیشن کو چیلنج کیا ہے ،یہ رویہ عمران صاحب کی مجرمانہ اور فسطائی ذہنیت کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب نے پہلے گالی گلوچ بریگیڈ کو آزاد جموں و کشمیر بھیجا، نوٹ نہ چلے تو گولی چلائی، اب کھلم کھلا الیکشن کمشن کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ڈسکہ والی ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں کا آزاد جموں و کشمیرکے عوام ڈسکہ کے عوام کے انداز میں دیں گے۔