وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بار جھوٹے بیانیے بنا کر عوام کے شعور کو چیلنج کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سچ کا سورج جلد یا بدیر طلوع ہو کر رہتا ہے، عوام سائفر کی سچائی دیکھ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نہ صرف سیاست میں ذاتی مفاد کیلئے ریاست کو داؤ پر لگایا بلکہ اپنے جھوٹ اور فریب سے ہماری سفارت کاری اور ساکھ کو بھی پامال کیا، خان کے ہر اقدام کے پیچھے تباہی اور بربادی کا ایک ایجنڈا ہوتا ہے، اسی ایجنڈے کے تحت انہوں نے اسلام آباد میں دھرنے کے ذریعے چینی صدر کے اہم ترین دورہِ پاکستان کو سپوتاژ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے آزادی کا جھوٹا نعرہ لگایا، عمران نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے حاصل کئے اور پاکستان کو شدید مالی نقصان پہنچایا، سیاست ملکی مفاد کی قیمت پر سستی شہرت حاصل کرنے کا نام نہیں ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان بار بار جھوٹے بیانیے بنا کر عوام کے شعور کو چیلنج کرتے ہیں، عوام عمران خان سے انصاف، کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب مانگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان میں خدا کا خوف نہیں ہے اسی لئے وہ بطور وزیر اعظم بھی جھوٹ سے دریغ نہیں کرتا، اپنی تقاریر میں عوام کو بتاتا تھا کہ ہم کچھ ماہ اور کچھ سالوں میں اتنی ترقی کر لیں گے کہ غیر ملکی یہاں نوکریاں تلاش کرنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جھوٹ اور فریب سے گمراہ کرنے والا ان کی نظروں میں ہمیشہ کیلئے گر جاتا ہے، اب بھی وقت ہے کہ عمران خان جھوٹ اور فریب کی سیاست کو ترک کر کے سچائی کا راستہ اختیار کر لیں۔