عمران خان کے مظفر آباد جلسے سے خطاب پر ترجمان جے یو آئی نے شدید تنقید کی ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ نااہل نیازی کشمیر فروش ہے، اس نے کس بے شرمی اور ڈھٹائی سے کشمیریوں سے خطاب کیا؟
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ نااہل نیازی نے کشمیر کا سودا ٹرمپ کے ساتھ کیا، ایسا نااہل ہے جسے عوامی جذبات سے کھیلتے ہوئے کوئی حیاء نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ نیازی اب تک جلسے کرکے اقتدار کے خاتمہ کا ماتم کررہا ہے اور یہ ماتم اس کو موت تک کرنا پڑے گا، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے فاٹا کو متنازعہ بنایا، یہ کشمیریوں اور فاٹا کا بھی مجرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے کہا تھا کہ مودی الیکشن جیت گئے تو کشمیر اور امن پر بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے، مودی کی جیت کی دعائیں کرنے والا اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے نیازی کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جائے کہ علی امین گنڈہ پور جیسا شخص وزیر برائے امور کشمیر و گلگت تھا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور جیسے شخص کو وزیر کشمیر مقرر کرنا، اس سے بڑھ کر کشمیریوں کی کوئی توہین نہیں ہوسکتی۔