پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پولیٹیکل کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں 2 سے 3 معاملات پر اہم گفتگو ہوئی۔
‘کل عمران خان سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے’
فواد چوہدری نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا عمران خان کل دورہ کریں گے، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے اضلاع میں سب سے پہلے ریلیف آپریشن کیا جائے گا اور پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں کو تسلی بخش طریقے سے حل کیا جائے گا۔
‘سندھ اور بلوچستان میں حالات زیادہ خراب ہیں’
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات زیادہ خراب ہیں، سندھ کی عوام کا پیسہ باہر جا رہا ہے، مراد علی شاہ اور مریم اورنگزیب کی ریلیف کی اپیل کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔
‘سندھ حکومت بری طرح فیل ہو چکی ہے’
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو اپنی زمہ داری صحیح طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت بری طرح فیل ہو چکی ہے، فنڈنگ اور اقدامات ناکافی ہیں۔
‘پیپلز پارٹی نے ملک کو معاشی و سیاسی طور پر ڈبو دیا ہے’
فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے معاشی و سیاسی طور پر ڈبو دیا ہے، حیلم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا، یہ سیاسی حریفوں کو گرفتار کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جبکہ عوام سیلاب سے تباہ ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر دہشتگردی کا کیس کر کے بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوئی، اس طرح کے کیسسز سے عدلیہ متاثر ہو رہی ہے۔
‘شہباز گل اور جمیل فاروقی کو ٹارچر کیا گیا’
انہوں نے کہا کہ شہباز گل اور جمیل فاروقی کو ٹارچر کیا گیا، جنہوں نے ان دونوں پر تشدد کیا ان کو سامنے لائیں گے، جنہوں نے 25 مئی کو عوام کے خلاف کارروائی کی ان پر بھی جلد سخت ایکشن ہو گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ واحد موٹو عوام کی خدمت ہونا چاہیے۔
’27 اگست کو جہلم میں عمران خان جلسہ کریں گے’
فواد چوہدری نے کہا کہ 27 اگست کو جہلم میں عمران خان جلسہ کریں گے، شریف فیملی اس مافیا کا حصہ ہے جو اس ملک کو لیڈ کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں، عمران خان ایک ہی بات کرتے ہیں کہ سب کے لیے قانون ایک ہونا چاہیے۔