خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عبوری ضمانت منظور ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں خاتون جج کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت ہوئی۔
اس موقع پر عمران خان بھی اسلام آباد کچہری میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئے۔
سیشن جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ ضمانت کی پہلی درخواست ہے؟ جس پر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ضمانت پہلی ہے، ایک اورکیس بھی 13 اکتوبر کے لیے لگا ہوا ہے۔
عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکے کے عوض منظور کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس خارج کردیا تھا۔