عمران خان کا عمل پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے، بلاول بھٹو

 بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کا عمل ملک سے بغاوت اور پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچادی، 1500 سے زائد جاں بحق جبکہ تین کروڑ 30لاکھ سے زائد انسان متاثر ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے علاقوں پر مشتمل چاروں صوبے متاثر ہوئے، سیلاب سے متاثرہ افراد نے اپنی تمام مال و متاع کو گنوادیا، ہر پاکستانی کو مصیبت کا شکار اپنے ہم وطن کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لانا چاہیے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اپنی خیبرپختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں کو استعمال کرتے ہوئے عمران خان نے قومی معاشی مفادات کو سبوتاژ کرنے کے لئے قومی آفت کے اس وقت کو منتخب کیا، عمران خان کا عمل ملک سے بغاوت اور پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان نے آئی ایم ایف ڈیل کی، پھر اپنی وزارت عظمی بچانے کے لئے ملک کو تقریباً دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچادیا اور اب عمران خان ملک کو دیوالیہ ہونے کے اپنے ہی پیدا کئے خطرے سے نکالنے کے آئی ایم ایف کے معاشی بیل آؤٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے وزیر خزانہ نے اس معاملے کو بلیک میلنگ کا ایک حربہ جبکہ پنجاب کے وزیرخزانہ نے اسے ریاست کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور یہ تمام ہدایات اس شخص کی جانب سے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر آپہنچا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان خیرات کی رقم کو اپنی ذات اور سیاست کے لئے استعمال کرکے بدعنوانی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان بے نقاب ہوچکے اور اب پکڑے جانے سے بچنے کے لئے ہر ادارے کے خلاف مسلسل مہم جوئی میں مصروف ہیں۔ عمران خان اتنا نیچے گرجائے گا، یہ میری توقع سے بھی بالاتر ہے۔

Best Car Accident Lawyer