سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہبازگل کے حق میں کل اسلام آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پمز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازگل سے مجھے ملنے نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج عدالت کے حکم کے باوجود پولیس نے ہماراراستہ روکا۔ کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟ انہیں عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں تشدد کرکے چور کو مسلط کیا جارہا ہے، چوروں کی غلامی سے بہتر ہے زندہ ہی نہ رہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کل اسلام آباد میں مغرب کے بعد شہبازگل کے حق میں ریلی نکالوں گا، پوری قوم سے گزارش ہے کہ ریلی میں شرکت کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ چوروں کی غلامی قبول نہیں کرینگے، کل تمام ڈویژن میں تحریک انصاف کی ریلیاں نکلیں گی۔
عمران خان شہباز گل سے ملاقات کیلئے پمز پہنچ گئے
سابق وزیراعظم عمران خان شہباز گل سے ملاقات کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) پہنچے تاہم انہیں شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔
عمران خان کی آمد کے موقع پر پمز اسپتال میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی اور وہ کارڈیالوجی وارڈ کے باہر ملاقات کیلئے اپنی گاڑی میں ہی انتظار کرتے رہے۔
تاہم پولیس کی جانب سے انہیں شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور عدالت سے اجازت حاصل کرنے کا کہا گیا، اس دوران کارڈیالوجی وارڈ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔
عمران خان کے اسپتال پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی عمران خان کے ہمراہ پمز اسپتال پہنچے تھے۔
بعدازاں ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے بات کی اور پھر پمز اسپتال سے واپس روانہ ہوگئے۔
عمران خان کا دوران حراست شہبازگل پر جنسی تشدد ہونے کا الزام
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک پیغام میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دوران حراست شہبازگل پر جنسی تشدد ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دوران حراست شہبازگل پر جنسی تشدد کیا گیا جبکہ شہبازگل کو توڑنے کے لئے ذہنی و جسمانی تشدد کیا گیا۔
All the pictures & videos show clearly Gill was tortured both mentally & physically incl sexual abuse – most too gruesome to relate. He was humiliated to break him down. I now have full detailed info. ICT police says it did not inflict any torture. So my question is: pic.twitter.com/iGNczYChnt
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 19, 2022
‘میرے پاس شہبازگل پر تشدد کی مکمل معلومات ہیں’
انہوں نے کہا کہ شہبازگل کو توڑنے کے لئے تضحیک کی گئی، میرے پاس شہبازگل پر تشدد کی مکمل معلومات ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں کیا تو پھر میرا سوال یہ ہے کہ شہباز گل پر تشدد کس نے کیا؟
ان کا کہنا تھا کہ عوام میں اور ہمارے ذہنوں میں ایک خیال ہے کہ اتنا بھیانک تشدد کون کر سکتا ہے، یاد رکھیں عوام ردعمل دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شہبازگل پر تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے تک لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔