وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ملک کے اندر روزانہ جھوٹ بولتا ہے، عمران خان کی چال ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ وہ جھوٹ سچ لگنے لگے، جھوٹ بول بول کر اس نے ہمیں تھکا دیا مگر وہ نہیں تھکا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلی پریس ٹاک میں عمران خان کی آڈیو لیک آئی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ سائفر پر کھیلنا ہے اور امریکہ کا نام نہیں لینا، جو لوگ عمران خان کی بات سنتے ہیں، یہ ان سے فائدہ اٹھاتا ہے، عمران خان سمجھتا ہے کہ جو لوگ ان کی بات سنتے ہیں وہ سب بے وقوف ہیں، یہ لوگوں کو اپنے جھوٹ سے بے وقوف بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنی چالیں چل کر لوگوں کو بے وقوف بناتا ہے، چار سالوں میں عمران خان نے لوگوں کے روزگار، کشمیر، فارن پالیسی کے ساتھ کھیلا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے یہ کہہ کر کہ پورا پاکستان کرپٹ ہے، پورے ملک کو دنیا میں رسوا کر رہے ہیں، جب ان کے اقتدار کی کرسی ہلی تو انہوں نے پوری دنیا میں پیغام دیا کہ 22 کروڑ عوام کا ملک اور ایٹمی طاقت غلام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس شخص کے اندر کوئی شرم نہیں، اسے احساس نہیں کہ اس کے منہ سے نکلا ہوا لفظ ملکی مفاد، قومی سلامتی اور دنیا میں ملک کی عزت کو مجروح کرتا ہے، اسے کسی سے کوئی سروکار نہیں، اس کی ہوس اپنی اناء سے شروع ہوتی اور اقتدار پر ختم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت تباہ کی، روزگار چھینا، کشمیر کا سودا کیا، معاشرے کی اخلاقیات کا قتل کیا، اپنی جیبیں بھریں، ڈاکے ڈالے، مال غنیمت لوٹا؛ فارن ایجنٹ کے مقاصد کچھ اور تھے، ان کا ایجنڈا نامکمل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کا مقصد ملک کو چار حصوں میں تقسیم کرنا اور ملک کا دیوالیہ کرنا تھا، یہ ملک کو سری لنکا بنانا چاہتے تھے، یہ اپنے ہدف کے قریب پہنچ چکے تھے لیکن ان کا ایجنڈا نامکمل رہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی توشہ خانہ کے تحائف اور ہیرے کی انگوٹھیاں لینا باقی تھیں، ملک کی معیشت کو مزید تباہ کرنا باقی تھا، عمران خان سے اقتدار گیا تو ان کی ملک کے ساتھ دشمنی شروع ہو گئی، ان کو جب تحریک عدم اعتماد کا پتا چلا تو کہا کہ میں نے پانچ ایم این ایز خرید لئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہتے تھے کہ ان تمام چیزوں کا ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہے، انہوں نے بند کمرے میں کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، کمرے سے باہر کہا کہ بیرونی سازش ہوئی ہے، بند کمرے میں کہا کہ پانچ ایم این اے خرید لئے ہیں اور باہر کہتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ شرک ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بات کر رہے ہیں کہ ہم آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر ضرورت پڑے تو وزیر اعظم بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔