مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان میں انصاف نہیں بلکہ تحریک انصاف کا انتقامی نظام چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم اس وقت سیلاب میں جبکہ عمران خان اپنی میں میں پھنسے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب میں ڈوبے جنوبی پنجاب میں بھی عمران خان کے سر پر شہبازشریف اور مریم نواز سوار ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے بھوکے عوام کو کچھ دینے کی بجائے عمران خان نے آج پھر اپنی جھوٹی سیاست کا پیٹ بھرا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان میں انصاف نہیں بلکہ تحریک انصاف کا انتقامی نظام چاہتے ہیں، اپنی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کے لئے عمران خان نے تحریک فساد شروع کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کقا مزید کہنا تھا کہ الحمداللہ پاکستان میں استحکام آرہا ہے ، عمران خان کی ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش ناکام ہو چکی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کا پاکستان پر قبضہ ہے، آئین اور قانون جمہوریت کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ہمیں اس مافیا کے خلاف اکھٹے ہو کر انصاف کا انقلاب لانا ہے۔
ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں
عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ملک میں انصاف کا نظام قائم ہونا چاہیے جہاں کمزور اور طاقتور کیلئے ایک قانون ہو۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کا مطلب انصاف ہے، طاقتور اور کمزرو کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔
جب تک بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لے آتے ملک نہیں بچ سکتا
ان کا کہنا تھا کہ 26 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں اور اب آپ کو جہاد کیلئے تیار کرنے آیا ہوں، جب تک بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لے آتے ملک نہیں بچ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر پیسے غریب ملکوں سے امیر ملکوں میں جاتے ہیں، ہر سال 1700 ارب ڈالر غریب ملکوں سے چوری ہو کر امیر ملکوں میں جاتا ہے، شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی۔
میرا آئین مجھے پرامن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں فضل الرحمان، بلاول اور مریم نے بھی لانگ مارچ کیا تھا، ہم نے تو کبھی کسی کو لانگ مارچ سے نہیں روکا، مریم کا لانگ مارچ کہیں راستے میں ہی لاپتہ ہو گیا تھا، میرا آئین مجھے پرامن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا ہمیں اتنا بھی حق نہیں تھا کہ ہم پر امن احتجاج کر سکیں؟ کبھی پولیس کو اس طرح بچوں اور خواتین پر شیلنگ کرتے نہیں دیکھا۔