عمران خان نے اپنے دور میں سب سے زیادہ غریبوں کو ریلیف دیا، یاسمین راشد

یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں سب سے زیادہ غریبوں کو ریلیف دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجھے ننکانہ صاحب کی سیٹ کی جیت کی بہت خوشی ہوئی، ایک وقت تھا لوگ شہر میں عمران خان کا نام لیتے تھے اور اب گاؤں دیہاتوں میں بھی عمران خان کو لوگ ووٹ دیتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس بات کی سمجھ آ گئی ہے کہ عمران خان ایک سچا مسلمان ہے، عمران خان نے اپنے دور میں سب سے زیادہ غریبوں کو ریلیف دیا۔

پی ٹی آئی کی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے صحت کارڈ احساس پروگرام دے کر ثابت کیا کہ وہ غریب کا احساس رکھتے ہیں، آج ہم دنیا میں بے عزت ہو رہے ہیں، امریکہ نے کہا کہ پاکستان سے خطرناک کوئی ملک نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ امپورٹڈ حکومت سوائے بے عزتی کے کچھ نہیں کروا سکتی، لانگ مارچ کو پنجاب سے میں خود لیڈ کروں گی، کوئی بندہ گھر نہیں بیٹھے گا کیونکہ یہ پاکستان کی فتح کی جنگ ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کا مطالبہ ہے الیکشن کرواؤ، اگر ہم ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے تو یہ امپورٹڈ حکومت آپکو مزید تنگ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول نے مہنگائی مارچ کیا اب وہ کہاں ہے اب اسے مہنگائی نظر نہیں آ رہی ہے، اس ضمنی الیکشن کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ سارا پاکستان عمران خان کیساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب سے آج بھی بات ہوئی ہے اگلے چند دنوں میں لانگ مارچ کی کال ہوگی، رانا ثناء اللہ تم تو اپنی یو سی سے ہار گئے ہو، تم ٹیر گیس جو مرضی منگوا لو ہمارے سمندر کو روک نہیں سکو گے۔

Best Car Accident Lawyer