عمران خان اور شہباز شریف کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح پر مبارک باد

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح پر مبارک باد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ٹیم پاکستان کو زبردست معرکہ آرائی اور جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنے اعصاب کو دباؤ میں رکھنے کے لیے یہ ایک مشکل وقت میں قوم کے حوصلے بڑھانے کی ضرورت تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیت پر قوم اور کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک دیتا ہوں، آپ نے قوم کے دل بھی جیت لئے ہیں، شاباش ٹیم پاکستان۔

ایشیاکپ سپر فور مرحلہ؛ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا

ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے میچز جاری ہیں جس کا سپر فور مرحلہ گذشتہ روز شروع ہوا۔

سپر فور مرحلے میں آج بڑا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

بھارت کی بیٹنگ

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ بھارت نے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز کے اختتام تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 54 رنز اسکور کیے۔

بعد ازاں چھٹا اوور پاکستان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا جب شاداب خان کی پہلی گیند پر کپتان روہت شرما 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی دوسری وکٹ 62 رنز پر گری جب کے ایل راہول کو محمد نواز نے 28 رنز پر آؤٹ کردیا، سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنت 14، ہاردک پانڈیا صفر اور دیپک ہودا 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی سب سے زیادہ 60 رنز بناکر آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے جب کہ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد نواز، حارث رؤف، محمد حسنین اور نسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی سست روی سے بیٹنگ جاری رہی جب کہ پاکستان نے 10 اوورز کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 76 رنز ہی اسکور کیے تھے۔

بعد ازاں قومی بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ ہدف ایک گیند پہلے پورا کرکے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سب سے زیادہ 71 رنز اسکور کیے جب کہ محمد نواز جارحانہ 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

علاوہ ازیں آصف علی 16، فخرزمان 15، کپتان بابر اعظم 14 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ خوشدل شاہ 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، روی بشنوئی، ہاردک پانڈیا اور یوزویندر چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Best Car Accident Lawyer