چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آئندہ لائحہ عمل کے متعلق آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کرینگے۔
پریس کانفرنس کے دوران ضمنی الیکشن اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی جائیگی جبکہ آئندہ کے لاَئحہ عمل بارے میں بتائیں گے۔
دوران پریس کانفرنس عمران خان لانگ مارچ کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ ضمنی الیکشن کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ کو تمام تر توجہ کا مرکز بناتے ہوئے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت کو بلا یا گیا ہے جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسد عمر ، شبلی فراز،عمر ایوب اور دیگر سینئر قیادت عمران خان سے ملاقات کرے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے سات حلقوں میں واحد امیدوار کے طور پر 6 نشستوں پر کامیاب ہوئے جس میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی، کراچی شامل ہے۔
این اے 157 ملتان کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
کراچی کے حلقہ این اے 237 ملیر سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32 ہزار 567 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے دو اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے ایک نشست حاصل کی ہے۔