شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پتہ لگ جائے گا کہ عوام میں کون کس قدر مقبول ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پریس کانفرنس اپنے نام نہاد لیڈر کی آڈیو لیکس پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب دوروں سے پی ٹی آئی بوکھلا چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 4 ماہ کے قلیل عرصہ میں بین الاقوامی سطح پر ملک کا امیج بہتر بنایا ہے جبکہ انہوں نے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بھی عالمی برادی کو آگاہ کیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فواد چودھری بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت کی فکر کے بجائے اپنے لیڈر کی آڈیو لیکس کے انکشافات پر توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی جعلی سروے سے کسی لیڈر کی مقبولیت کم نہیں کی جا سکتی ہے، عام انتخابات میں پتہ لگ جائے گا کہ عوام میں کون کس قدر مقبول ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور والدہ کی طرح عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ عوام فواد چوہدری کے لیڈر کے فراڈ اور دھوکے بازیوں سے آگاہ ہوچکی ہے، فواد چوہدری جیسے لوگ اس کی ہاں میں ہاں ملا کر ملک و قوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ عمران خان اقتدار کی ہوس میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔