عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے بعد فی تولہ سونا 1300 روپے سستا

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا تھا جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی اس کی قیمت تقریباً سوال لاکھ روپے فی تولہ ہوگئی تھی۔

تاہم منگل کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 12 ڈالر کی کمی واقع ہوئی اور یہ ایک ہزار 930 ڈالر کی سطح پر آگیا۔

اس کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ 24 قیراط سونا 1300 روپے سستا ہوکر ایک لاکھ 22 ہزار 500 روپے پر آگیا۔

چاندی کی فی تولہ قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1500 روپے پر مستحکم رہی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 46 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار 942 ڈالر ہوگئی تھی۔

اس کے بعد ملک میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 5100 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ماہرین چین اور بھارت کی جانب سے سونے کی بڑھتی ہوئی خریداری، امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی، سونے میں سرمایہ کاری بڑھنے اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔